ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ضلع اُترکنرا کے تمام سرکاری اسپتالوں میں سستی دواؤں کی دکانیں شروع کرنے کا منصوبہ ہے:جئے شری موگیرکا بیان

ضلع اُترکنرا کے تمام سرکاری اسپتالوں میں سستی دواؤں کی دکانیں شروع کرنے کا منصوبہ ہے:جئے شری موگیرکا بیان

Thu, 20 Oct 2016 14:59:09    S.O. News Service

کاروار 20؍اکتوبر(ایس او نیوز) ضلع پنچایت صدر جئے شری موگیر نے بتایا ہے کہ جلد ہی تمام سرکاری اسپتالوں میں سستی قیمت والی genericدواؤں کی دکانیں کھول دی جائیں گی۔یہ بات انہوں نے کے ڈی پی میٹنگ کے دوران بتائی۔خیال رہے کہ جنریک دواؤں کا مطلب ہوتا ہے وہ دوائیں جو کمپنی کے برانڈ کے بجائے دوا کے اصلی نام کے ساتھ بیچی جاتی ہیں۔ جیسے کروسین ایک برانڈ نام ہے مگر اس میں جو دوا ہے وہ پیارا سیٹامول ہے۔لہٰذا جب وہ پیاراسیٹامول کے نام سے ہی بیچی جائے گی تو جنریک کہلائے گی۔

محکمہ صحت اور خاندانی بہبود کے افسر ڈاکٹر اشوک کمارکے مطابق ڈسٹرکٹ اسپتال، تعلقہ اسپتال اور کمیونٹی ہیلتھ سنٹر کے احاطوں میں جنریک دواؤں کے مراکز قائم کیے جائیں گے جہاں پر اصل قیمت سے 75فیصد تک رعایتی داموں پر دوائیں دستیاب ہونگی۔محکمہ زراعت کے جوائنٹ ڈائریکٹر ہونپّا گوڈا نے بتایا کہ بارش کی قلت کی وجہ سے فی الحال ہلیال اورسداپورکو قحط زدہ علاقہ قرار دیا جاچکا ہے۔ اب اس فہرست میں یلاپور، منڈگو ڈاور سرسی کو بھی شامل کرنے کی سفارش سرکار سے کی گئی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ کھیتی باڑی اور فصلوں کا جو نقصان ہوا ہے اس کا جائزہ لینے کا کام جاری ہے۔25500ہیکٹر پر پھیلی کھیتی باڑی کے برباد ہونے کا اندیشہ ہے۔33فیصد فصلیں تباہ ہوئی ہیں۔ متاثرہ کسانوں کو سبسیڈی جاری کی جائے گی جو کہ ان کے بینک کھاتوں میں جمع ہوگی۔اس کے علاوہ پچھلے دنوں انکولہ میں ہونے والی شدید بارش کی وجہ سے بھی50ہیکٹر پر پھیلی فصلوں کو نقصان پہنچا ہے، جس کا جائزہ لے کر رپورٹ پیش کی گئی ہے۔

ضلع پنچایت صدر جئے شری موگیر نے بتایا کہ ضلع کے 1571آنگن واڈی مراکز کو بجلی کنکشن فراہم کیے جانے کی تجویز منظور ہوئی ہے۔ہر آنگن واڈی اسکول کو پنکھے اور سی ایف ایل بلب فراہم کیے جائیں گے۔اس کے علاوہ ان مراکز کے اطراف کمپاؤنڈ کی تعمیر کا کام بھی انجام دیا جائے گا۔پورے ضلع میں مزید 26 نئے آنگن واڈی اسکول تعمیر کیے جارہے ہیں۔جس کی تکمیل دسمبر کے آخر تک ہوجانی چاہیے۔

اس میٹنگ میں ضلع پنچایت کے سی ای او چندرا شیکھرنائک، نائب صدر سنتوش رینکے،اسٹانڈنگ کمیٹی چیر مین لکشمن تپنا پاٹل، بسوا راج دوڈمنی اور دیگر ضلعی افسران موجود تھے۔

 


Share: